وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو دوست ملک سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کے ذخائر موصول ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دوست ملک سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2ارب ڈالر جمع کرائے ہیں، اس سے فارن ایکسچینج ریزرو میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہر جمعہ ریزرو سے متعلق اسٹیٹ بینک اعلامیہ میں 2ارب ڈالر شامل ہونگے، ان ذخائر سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 9.67 بلین ڈالر سے بڑھ کر 11.67 بلین ڈالر ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسحاق ڈار نے قوم کو بڑی خوشخبری سنادی
اسحاق ڈار نے کہا کہ سمجھتا ہوں آنے والے وقت میں مزید اچھی ڈیولپمنٹ ہوگی، پاکستان کے معاملات بہتری کی طرف آچکے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ ملک آنے والے دنوں میں مزید مثبت پیشرفت کا مشاہدہ کرے گا اور اب یہ ترقی کی رفتار کی طرف بڑھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کی جانب سے سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سعودی عرب ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔



















