Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان گردشی قرضہ کنٹرول کرنے کا پلان طے پاگیا

پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان گردشی قرضہ کنٹرول کرنے کا پلان طے پاگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کے گردشی قرضہ روکنے کی پلان کو منظور کر لیا ہے اور حکومت کو خبردار کیا ہے کہ گردشی قرضہ کنٹرول نہ کیا تو معاہدے کی خلاف ورزی ہو گی۔

آئی ایم ایف نے شرائط مکمل نہ ہونے کی صورت میں آئندہ معاہدہ کیلئے بھی خبردار کر دیا اور کہا کہ شرائط پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو آئندہ معاہدے کیلئے اس سے زیادہ سخت شرائط ہوں گی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2 ہزار 340 ارب روپے پر محدود کیا جائے گا، جبکہ گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے 4 سو ارب سے زائد جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے یہ رقم اقساط میں جاری کی جائے گی، مجموعی طور پر رواں مالی سال گردشی قرضہ میں 122 ارب روپے کا اضافہ ہو گا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ مالی سال گردشی قرضہ میں کوئی اضافہ نہ ہونے کا پلان آئی ایم ایف کو دیا گیا، گردشی قرضہ کنٹرول کرنے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے کا اضافہ ہوگا۔

حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ نادہندگان سے وصولیاں بہتر کی جائیں گی، پلان کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا۔