وزیر اعظم شہباز شریف کے 30 ارب روپے کے نئے پیکچ کے باوجود یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالیں مہنگی ہوگئی ہیں تاہم ادارہ شماریات کی دستاویز میں بڑا انکشاف سامنے آگیا ہے۔
دستاویز کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر دال چنا اوپن مارکیٹ سے فی کلو 15.36 روپے مہنگی ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں دال چنے کی فی کلو قیمت239.64 روپے ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر دال مسور کی فی کلو قیمت285 روپے ہے جبکہ دال مسور کی فی کلو قیمت اوپن مارکیٹ سے 11.69روپے زیادہ ہے، اوپن مارکیٹ میں دال مسور کی فی کلو قیمت273.31 روپے ہے۔
ادارہ شماریات کی دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر سفید چنے اوپن مارکیٹ سے فی کلو 10.53 روپے مہنگے ہوکر 395روپے کے ہوگئے جبکہ اوپن مارکیٹ میں سفید چنے کی فی کلو قیمت384.47 روپے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کا نیا طوفان؛ چینی کی قیمت میں بڑا اضافہ
حکام کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم پیکچ کے تحت دالوں سمیت 5 اشیاء پر سبسڈی ہے، رواں مالی سال کیلئے وزیر اعظم پیکچ کے تحت 30 ارب کی سبسڈی منظور کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت کئی شہروں میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، کراچی میں ہول سیل میں چینی 137 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔
کراچی میں گندم کا فی کلو بھاؤ 4 سے 5 روپے کم ہوکر 129 روپے پر آگیا لیکن اس کے باوجود شہر میں آٹا مہنگا ہوا ہے۔
کوئٹہ میں ایک کلو چینی 10 روپے کے اضافے کے بعد 150 روپے کی ہوگئی، پشاور میں ایک کلو چینی 135 روپے میں دستیاب ہے جبکہ لاہور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 50 روپے اضافے کے بعد 2 ہزار 850 روپے ہوگئی۔



















