وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملیر ایکسپریس وے پروجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت پراوینشل کوآرڈینیشن اینڈ امپلی مینٹیشن کمیٹی (پی سی سی آئی) کا 11واں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، امتیاز شیخ، شرجیل میمن، ناصر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، معاون خاص قاسم نوید، کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل بابر افتخار، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، کمشنر کراچی اقبال میمن اور صوبے کی مختلف اداروں کے سربراہ شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی سی سی آئی 2020 کی بارشوں کے پیش نظر قائم کی گئی تھی، شہر کراچی کے ترقیاتی کاموں کو صوبائی اور ملٹری قیادت میں مل کر کیا، مل کر کام کرنے سے یہ فائدہ ہوا کہ کام تیزی سے مکمل ہوئے۔ میں پوری ٹیم کا شکرگزار ہوں کہ سب نے شہر کراچی کو بہتر کرنے میں ہمارا ساتھ دیا۔
دوسری جانب کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل افتخار بابر نے کہا کہ یہ ملک یہ شہر ہم سب کے ہیں، ملک کے شہروں کی ترقی اور عوام کی بہبود ہم سب کا فرض ہے۔
ایم نائن – این فائیو روڈ پروجیکٹ
پی سی سی آئی اجلاس میں ایم نائن – این فائیو روڈ پروجیکٹ پر تبادلہ خیال ہوا جس میں بریفنگ دی گئی کہ ایم نائن – این فائیو روڈ پروجیکٹ 22 کلومیٹر طویل اور 4 رویہ ڈوئل کیرج وے ہے، لنک روڈ 2 بلین روپے کی لاگت سے این فائیو کو ایم نائن کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پروجیکٹ کو اکتوبر 2023 تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لنک روڈ پر بنائے گئے 2 پل کو پروجیکٹ میں شامل کیا جائے۔
ملیر ایکسپریس وے پروجیکٹ
وزیراعلیٰ سندھ کو اجلاس میں ملیر ایکسپریس وے پروجیکٹ سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے 3X3 لین کا 38.7 کلومیٹر ہائی اسپیڈ پروجیکٹ ہے، ملیر ایکسپریس وے جام صادق پل سے شروع ہو کر کاٹھوڑ انٹرچینج ایم نائن پر ختم ہوگا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروجیکٹ کو 6 انٹرچینج ہیں، ملیر ایکسپریس وے پروجیکٹ کو 2 حصوں میں مکمل کیا جائے گا، ایک حصہ 15 کلومیٹر کا ہے اور دوسرا 24 کلومیٹر کا ہے، پہلا حصہ جام صادق پل کا 18 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دی گئی کہ پروجیکٹ کا روڈ پہلے اسائمنٹ پر تیزی سے جاری ہے، قائد آباد سے کاٹھوڑ تک 24 کلومیٹر میں سے 15 کلومیٹر پر کام تیزی سے جاری ہے، پروجیکٹ کا دوسرا اسائنمنٹ پر 138.2 ایکڑ اراضی پرائیوٹ پارٹیز سے لینی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سموں، لاسی اور اولڈ شفیع گوٹھ پر فلائی اوور بنانے ہیں تو 38 ایکڑز پرائیوٹ اراضی لینی پڑے گی، فلائی اوور بنے گی تو خرچہ بھی کم ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سروے کر کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں

















