Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسکردو ایئرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز کی لینڈنگ

اسکردو ایئرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز کی لینڈنگ ہوئی ہے جس کے بعد اسکردو کو بین الاقوامی ائیر پورٹ کا درجہ مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسکردو میں پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی پرواز پی کے 234 دبئی سے اسکردو لینڈ کرگئی جس کے بعد قومی ائیر لائن پی آئی اے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا اور اسکردو کو پوری دنیا میں متعارف کروادیا۔

بین الاقوامی پرواز پر سیاح جنت نظیر گلگت بلتستان کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ دوران پرواز سیاحوں کو ہمالیہ کے برف پوش پہاڑوں بشمول کے ٹو اور نانگہ پربت کے خوبصورت نظارے بھی دیکھنے کو ملیں گے۔

پی آئی اے کی دبئی سے اسکردو کی ہفتہ وار پروازیں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔ سیاح اب دبئی سے براہ راست ساڑھے تین گھنٹے کی پرواز سے اسکردو پہنچ سکیں گے۔

اس حوالے سے اسکردو ائر پورٹ پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مسافروں کا استقبال پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر وائس مارشل عامر حیات، سول ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور سرکاری حکام نے کیا۔

متعلقہ خبریں