انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تاجر برادری معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کراچی میں ممتاز کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو وقت جیسی نعمت سے نوازا ہے، ایک دوسرے کے لئے وقت نکالنا سب سے قیمتی ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ تاجربرادری رزق حلال کماتی ہے، تاجر کماتے ہیں، ٹیکس دیتے ہیں، یہ ٹیکس محروم طبقات کی فلاح وبہبود پر خرچ کیا جاتا ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ تاجر برادری معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ان کی بدولت کارہائے روزگار چل رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سماجی خدمت ہے جو حکومت کا بھی مقصد اورنصب العین ہے، بجلی اور گیس کے مسائل یقیناً ہیں اور ان کو اپنے وسائل کے مطابق حل کریں گے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ بہت محدود ہے، ہم نےانتخابات کے انعقاد میں معاونت فراہم کرنی ہے اور روزمرہ امور چلانے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرنی ہے، آئینی و قانونی امور کا تسلسل قائم رکھتے ہوئے نئی جمہوری حکومت کے قیام تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے
ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور یہاں کی تاجر برادری ملک کی شان ہے، کراچی کی تاجر برادری کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے، ہمیں سماجی خدمات میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انوارالحق کاکڑ کا یہ بھی کہنا تھا کہ گورننس بڑا مسئلہ ہے، سستی بجلی کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جائے گی تو ملک میں صنعتیں کیسے فروغ پائیں گی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے تعمیرات پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے ، ملکی سطح پر پیدا ہونے والی گیس صنعتوںمیں استعمال کرکے معیشت مستحکم نہیں کی جاسکتی ،خوراک اورخدمات کے شعبوں میں چیلنجزکا سامنا ہے۔


















