قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ اسکواڈ میں اپنے خدشات سے متعلق بتادیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف نے سابق کپتان محمد حفیظ کو ٹیکنیکل کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا تاہم انہوں نے کچھ تحفظات کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹریو میں ورلڈکپ 2023 کے لیے منتخب کیے گئے اسکواڈ پر کھل کر بات کی۔
میزبان کی جانب سے ان سے سوال کیا گیا ’’ آپ چونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیکنیکل کمیٹی میں شامل تھے تو مجھے 4 ایسے کھلاڑیوں کا نام بتادیں جن سے متعلق آپ کو خدشات تھے اور آپ کے خیال میں ان کھلاڑیوں کو ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا؟
محمد حفیظ نے جواب دیا کہ سب سے پہلے تو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ میں ٹیکنیکل کمیٹی میں نہ تو سلیکٹر تھا، نہ کپتان تھا نہ ہی ٹیم ڈائریکٹر اور نہ ہی ہیڈ کوچ تھا، میرا اس کمیٹی میں ایک مخصوص کردار تھا جس میں کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو مسائل سے آگاہ کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اسکواڈ میں شامل 4 کھلاڑیوں کی بات کریں تو میں سمجھتا ہوں کہ مجھے ٹیم میں 4 مسائل دکھائی دیتے ہیں۔ پہلے نمبر پر ہمارے پاس اوپننگ پوزیشن پر مسائل ہیں اس کے علاوہ نمبر پر 5 کوئی کھلاڑی تیار نہیں تھا اور نہ ہی ہمارے پاس کوئی متبادل اسپنر موجود ہے۔ اس کے علاوہ نئی گیند کروانے کے لیے بھی ہمارے پاس اچھا بولر موجود نہیں ہے۔
محمد حفیظ نے مزید کہا کہ ہمارے پاس اسپنرز اچھے ہیں لیکن وہ تیار نہیں ہیں اور اس کے علاوہ ہمارے پاس ایک بولنگ آل راؤنڈر کی بھی کمی ہے۔ خدانخواستہ شاہین آفریدی یا حارث رؤف میں سے کوئی انجرڈ ہوگیا تو ہمارے پاس بیک اپ پر کوئی اچھا بولر موجود نہیں ہے۔


















