سعد حسین رضوی نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمان نہتے، مظلوم اور محصور فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی کی مرکزی مجلس شوری کے اراکین مفتی محمد عمیر الازھری، ڈاکٹر محمد شفیق امینی اور چوہدری رضوان سیفی کے ہمراہ فلسطینی سفارت خانے میں فلسطینی سفیر احمد جواد ربعی سے ملاقات ہوئی جس میں حالیہ اسرائیلی دہشتگردی کے شکار مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور شہداء کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی و تعزیت کی۔
اس موقع پر امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ اسرائیل کا ناپاک اور ناجائز وجود کسی صورت منظور نہیں، مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم 57 اسلامی ممالک اتحاد کا امتحان ہے۔
حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں پر بمباری دہشت گردی ہے، عالمی برادری اسرائیلی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے اور مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام کو رکوائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ رہائشی آبادیوں، بازاروں،گلی کوچوں،درسگاہوں، قافلوں، مساجداور ہسپتالوں پر بمباری بزد ل جنونی صیہونی فوجیوں کا شیوہ بن چکا ہے، ہمارا موقف یہی تھا کہ مسئلہ فلسطین کسی جماعت، حزب،ملک یا مملکت کا نہیں بلکہ یہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاد کی برکت سے انشاء اللہ جلد بیت المقدس آزاد ہوگا،فلسطینی مسلمانوں کی جد و جہد نے ایک بار پھر اُمت مسلمہ میں جذبہ جہاد کو تازہ اور بیت المقدس و مسجد اقصیٰ کی آزادی کیلئے نئی روح پھونک دی ہے، بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی آزادی جہاد کے بغیر ممکن نہیں۔
سعد رضوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پوری دنیا کے مسلمان آزاد فلسطینی ریاست کے حامی ہیں،تمام اسلامی ممالک یک زبان ہوکر مظلوم فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کریں،ہمارے دل اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا کہ مسلمان نہتے،مظلوم اور محصور فلسطینیوں کے ساتھ ہیں،پاکستان، اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت دیگر اسلامی ممالک محصور فلسطینیوں کیلئے ہنگامی بنیادوں پر خوراک اور ادویات کی فراہمی کا بندوبست کریں۔
امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے مزید کہا کہ جیسے ہی فلسطینی باڈر کے معاملات بہتر ہوتے ہیں تو فوری طور پر تحریک لبیک فلسطینی بہن، بھائیوں، بچوں اور بزرگوں کیلئے امداد فراہم کریگی۔
اس موقع پر فلسطینی سفیر جواد احمد ربعی نے تحریک لبیک پاکستان کے امیر سمیت دیگر مرکزی قائدین کی سفارت خانے آمد پر شکریہ ادا کیا اور امیر المجاہدین علامہ حافظ خادم حسین رضویؒکی اسلام اور امت مسلمہ کی سربلندی اور جد و جہد کا حوالہ دیتے ہوئے گذشتہ جمعہ کو تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں نکالے گئے لبیک یا اقصیٰ مارچ اور اظہار یکجہتی پر خراج تحسین پیش کیا۔
فلسطینی سفیر جواد احمد ربعی نے کہا کہ ہم بھی صہیونی دہشت گردوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب اکھٹے مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کرینگے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں


















