مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان واپس جا کر ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے نماز جمعہ ادا کی ، نماز جمعہ کے بعد نواز شریف نے پارٹی رہنما سے ملاقات کی۔
لیگی رہنماؤں و کارکنوں نے نواز شریف کو وطن واپسی پر مبارکباد پیش کی۔
پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ کل وطن واپس جا رہا ہوں، پاکستان واپسی پر بہت پرامید ہوں۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان واپس جا کر ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے جبکہ ترقی کا سلسلہ وہاں سے شروع کریں گے جہاں سے ٹوٹا تھا۔
نواز شریف کی وطن واپسی
پاکستان مسلم لیگ (ن) 21 اکتوبر کو نواز شریف کے استقبال کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے اور اس حوالے سے نوازشریف نے مرکزی قیادت کو استقبال کے لئے کام سونپ دیا ہے اور کوشش ہورہی ہے کہ استقبالیہ جلسے میں زیادہ سے زیادہ لوگ پہنچيں۔
نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے واپس پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے۔ نوازشریف چارٹرڈ کے بجائے مسافر طیارے کے ذریعے پاکستان آئیں گے جس کے لئے انہوں نے ٹکٹ بھی بک کروا لی ہے۔
نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے ابوظہبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ لینڈ کریں گے اور اس ہی دن وہ ابو ظہبی سے لاہور کے لیے بھی روانہ ہوں گے۔
5 اکتوبر 2023 کو نواز شریف نے 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے موقع پر شاندار استقبال کے حوالے سے اب تک کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور لاہور سے ہی کم از کم پانچ لاکھ کارکنوں کو مینار پاکستان لانے کی ہدایت دی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے لاہور سے کم از کم پانچ لاکھ کارکنوں کو مینار پاکستان لانے کی ہدایت دی ہے اور حمزہ شہباز سمیت لاہور کے تمام ٹکٹ ہولڈرز کو روزانہ کی بنیاد پر حلقوں میں کارنرز میٹنگز اور ورکرز کنونشن کی ہدایت دی گئی۔
نواز شریف نے خدمت کو ووٹ دو کے بیانیے کو عملی شکل دینے کی بھی ہدایت کردی اور کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہمیں بہت محنت کرنا پڑے گی۔
بعدازاں نواز شریف کی ایئرپورٹ سے مینار پاکستان جلسہ گاہ آمد کے لئے 2 پلان ترتیب دیے گئے ہیں، ایک پلان کو اے اور دوسرے کو پلان بی کا نام دیا گیا ہے، لاہور ایئرپورٹ پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پارٹی قائد کا استقبال کریں گے جبکہ پلان اے کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو لاہور ایئر پورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ لایا جائے گا۔
مینار پاکستان پر جلسے کے پنڈال میں 3 منزلہ اسٹیج تیار کیا جائے گا، پہلی منزل پر پارٹی قائد نواز شریف شہباز شریف اور مریم نواز سمیت پارٹی کے مرکزی عہدیداران کے لیے مختص ہو گی جبکہ دوسری منزل پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور سابق وفاقی وزراء کے لئے مختص ہو گی جبکہ تیسری منزل پر پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کے بیٹھنے کے لئے انتظامات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس وقت مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سعودی عرب میں موجود ہیں جبکہ 14 اکتوبر کو دبئی روانہ ہوں گے اور دبئی سے چائنہ اور قطر جانے کا بھی امکان ہے۔
اس کے علاوہ نوازشریف 21 اکتوبر کو دبئی سے لاہور کے لئے روانہ ہوں گے جبکہ ان کی حفاظتی ضمانت کے لئے 19 اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
نوازشریف 21 اکتوبر شام 7 بجے لاہور پہنچیں گے، نوازشریف حفاظتی ضمانت ملنے پر لاہور ایئر پورٹ سے سیدھا مینار پاکستان پہنچیں گے اور ان کے استقبال کے لئے ملک بھر سے قافلے 4 بجے تک لاہور مینار پاکستان پہنچیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔


















