میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے فلسطین فاؤنڈیشن کی جانب سے لگائے گئے مرکز فلسطین کیمپ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اسرائیل کی جانب سے جارحیت کو بند کرنا چاہیے، او آئی سی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گلستان جوہر کا نیا انڈر پاس ہم فلسطینی عوام کے نام سے منسوب کررہے ہیں، آنے والے اجلاس میں اس حوالے سے قرارداد پیش کی جائے گی، میئر کے عہدے سے پہلے ہم انسان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نہتے فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج کی طرف سے قتل کیا جارہا ہے، اسرائیلی جارحیت کو ختم ہونا ہوگا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ او آئی سی اور مسلم امہ سمیت اقوام متحدہ کو اپنا فلسطین کے متعلق کردار ادا کرنا چاہیئے، فلسطینیوں کی مزاحمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں ہر دس منٹ میں ایک بچہ شہید ہوتا ہے۔
غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک 4 ہزار 237 بچے شہید ہوچکے ہیں جب کہ شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں


















