Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹیکس کی شرحوں میں اضافے کی ابھی کوئی پیشگوئی نہیں کی جاسکتی، آئی ایم ایف

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹیکس کی شرحوں میں اضافے کے بارے میں ابھی کوئی پیشگوئی نہیں کی جاسکتی۔

ذرائع آئی ایم ایف کے مطابق آئی ایم ایف پاکستان کے لئے ٹیکس، نجکاری اور انرجی کی قیمتوں میں اضافے کی کوئی حد مقرر نہیں کررہا، پاکستان کو نجکاری کے عمل میں کسی اثاثے کی فروخت یا اس کے بند کرنے پر کوئی مشورہ نہیں دیا جارہا، یہ کام حکومت کا اپنا ہے۔

آئی ایم ایف کے ذرائع نے بتایا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں کو خساروں کے پیش نظر تبدیل کیا جائے گا، قیمت بڑھانے پر کوئی حد مقرر نہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹیکس میں اضافہ کرنے کیلئے جی ڈی پی کے 0 اعشاریہ 4 فیصد ٹاسک دیدیا، ایف بی آر نے گزشتہ مالی سہ ماہی میں ٹیکس محصولات میں بہتری دکھائی، ٹیکس کی بہتری کا عمل جاری رکھنا ہوگا۔

ذرائع آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کی پراپرٹی کے ایریا میں مزید محصولاتی سرگرمی ایک بہتر اقدام ہوگا۔ ٹیکس کی شرحوں میں اضافے کے بارے میں ابھی پیشگوئی نہیں کی جاسکتی جبکہ نان رجسٹرڈ کاروبار اور آمدنی والے لوگوں سے ٹیکس کی وصولی کا پالیسی فیصلہ ہوچکا ہے اور اس فیصلے پر عملدرآمد جلد شروع ہوگا، عملدرآمد بینکوں اور نادرا کے ریکارڈ کے مطابق کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ 0 اعشاریہ 4 فیصد محصولات بڑھانے کے لئے جی ڈی پی میں بھی اضافہ کرنا ہوگا، جی ڈی پی جتنی بڑھے گی اسکا 0 اعشاریہ 4 فیصد بڑھے گا، اسی عمل سے خسارے کم ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے حکام نے جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے کوئی ملاقات نہیں کی، آئی ایم ایف اعلان شدہ تاریخ پر الیکشن کا خواہاں ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا پاکستان کے لئے پیکج پر کام جاری ہے،آئندہ پیکج کے لئے درکار اقدامات کی فہرست تیار کی جارہی ہے، اس موضوع پر جلد حقائق سامنے آئیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نئے پیکج کے لئے استعداد کے بارے میں موصول شدہ ڈیٹا پراسس کیا جارہا ہے، کچھ اقدامات پیکج پر کام شروع ہوتے ہی لینا لازمی ہوگا۔

علاوہ ازیں الیکشن کے بعد کی حکومت کے لئے بھی ٹاسک کی فہرست بنائی جارہی ہے، پاکستان کے مالی استحکام کو درپیش خدشات کی فہرست بھی بنائی جارہی ہے جبکہ پاکستان کو نئے بجٹ تک اور اس کے بعد درکار زرمبادلہ کے اندازے بھی لگائے جارہے ہیں۔

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کا اندازہ بھی لگایا جارہا ہے، پاکستان مارکیٹ میں ڈالر کو پھینک کر روپے کی قدر مستحکم رکھنے کی پالیسی سے دستبردار ہوچکا ہے، بیرونی قرضہ، امپورٹ اور ایکسپورٹ کے حجم سے پاکستان کو درکار زرمبادلہ کا اندازہ لگایا جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ نان فائلر کے بارے میں اقدامات کا سلسلہ جلد شروع ہونے والا ہے، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر مزید اقدامات جلد شروع ہونگے، اس کے بارے میں منتخب حکومت فیصلہ کرے گی۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں