Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگراں وزیراعظم کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کے معاملات سے متعلق اہم اجلاس

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کے معاملات سے متعلق اہم اجلاس ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خیبر پختونخوا میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کے شہداء کے خاندانوں کی بہبود کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں نگران وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ، وزیرِ برائے امورِ قبائلی علاقہ جات عامر عبداللہ، چیئرمین واپڈا لیفٹینینٹ جنرل (ر) سجاد غنی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

 اجلاس میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے خیبر پختونخوا کو نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے بقایہ جات کی ادائیگی ترجیحی بنیادوں پر کرنے، انسداد دہشت گردی کے لیے مختص فنڈز کی صوبے کو فوری ادائیگی اور شہداء ویلفیئر فنڈ کو فوری طور پر شہداء کے اہلِ خانہ تک پہنچانے کی ہدایت کر دی۔

اس موقع پر وزیرِاعظم کو بجلی چوری کے سد باب کیلئے جاری آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

 وزیرِ اعظم نے صوبائی انتظامیہ، تقسیم کار کمپنیوں، واپڈا اور آپریشن میں حصہ لینے والے اداروں کے اہلکاروں کے اقدامات کو سراہا۔

 اجلاس کو پن بجلی کے منصوبوں کی آمدن کی خیبر پختونخوا حکومت کو ادائیگی پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

انوار الحق کاکڑ نے واپڈا کو تمام رکاوٹیں دور کر کے ترجیحی بنیادوں پر ادائیگیاں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا کو ہائیڈل منصوبوں کے حوالے سے تمام تر بقایا جات کی ادائیگی فوری یقینی بنائی جائے، خیبر پختونخوا حکومت اور سی پی پی اے کے درمیان تمام حل طلب معاملات کو جلد حل کیا جائے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ تمام صوبوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائے۔ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں جاری پن بجلی کے منصوبوں اور آبی ذخائر کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں آبی ذخائر اور پن بجلی کے منصوبوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے۔

 اجلاس میں وزیرِ اعظم کو خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے انسدادِ دہشتگردی کے حوالے سے خیبر پختونخوا کیلئے مختص فنڈز کی فوری ادائیگی کے لیے بھی ہدایت جاری کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہداء ویلفیئر فنڈ کو فوری طور پر شہداء کے اہلِ خانہ تک پہنچایا جائے،شہداء نے ملک کی بقاء اور دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، دہشتگردی کی جنگ میں شہید ہونے والوں کے خاندان اس قوم کے محسن ہیں، انکی بہبود کے لیے مختص رقم  کی ادائیگی میں کسی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں