نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو مجموعی طور پر ٹھیک کرنے کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر کی سول سوسائٹی کے لوگوں سے ملاقات ہوئی جس میں نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے شریک لوگوں سے حکومتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تجاویز مانگی۔
ملاقات میں تھر کے آر او پلانٹس کی کارکردگی کے حوالے سے بات ہوئی جبکہ ملاقات میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر نے کہا کہ سندھ حکومت صحت ، تعلیم اور دیگر بہت سے پرائیویٹ اداروں کو فنڈنگ کرتی ہے لیکن سندھ حکومت کو فنڈنگ کے باوجود بھی تنقید کا سامنا ہے۔
جسٹس(ر) مقبول باقر نے یہ بھی کہا کہ حکومت فنڈنگ کے ذریعے اداروں کی کارکردگی بہتر کرنے میں ناکام رہی یا مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، اس ملاقات کا مقصد اسکولز ، اسپتالوں، امن و امان ، اسٹریٹ کرائم ، بلدیاتی اداروں کو بہتر کرنا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر نے مزید کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو مجموعی طورپر ٹھیک کرنے کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں جبکہ اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کررہے ہیں، میں اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے دوبارہ اجلاس طلب کروں گا۔
ملاقات میں محترمہ ریما عمر، ڈاکٹر باری،خضر حبیب، ندا تنویر ، ڈاکٹر طارق ، ڈاکٹر خرم ، محترمہ عائشہ چندریگر ، محترمہ فریحہ عزیز، محترمہ نمرا خالد، حیدرآباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر محمدہارون اور دیگر ، میر پورخاص سے قمر میمن اور دیگر، شہید بے نظیر آباد ، لاڑکانہ، سکھر ڈویژن سے لوگ شریک ہوئے۔


















