Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

متحدہ عرب امارات کا پاکستان کے لیے بڑا اعلان

متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لیے بڑا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے کراچی میں قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای نے پاکستان سے25 ارب ڈالرتک کے سرمایہ کاری معاہدہ کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگلے10دنوں میں بڑی سرمایہ کاری شروع ہوجائے گی، صحت، پورٹ، بنکاری سمیت دیگر شعبوں میں یو اے ای سرمایہ کاری کررہا ہے۔

بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ اس کے علاوہ پرائیوٹ انویسٹرزکی جانب سے بھی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔

 متحدہ عرب امارات کے کراچی میں قونصل جنرل نے کہا کہ دوہزار چوبیس پاکستان کیلئے بہت روشن ہوگا، کراچی کو فری ٹریڈ زون بنائیں گے، کراچی سے وسط ایشیا کے ممالک کو برآمدات کی امید ہے نئے سال میں پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نئے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ایکسپورٹ بڑھانی ہوگی، میڈیا پرمثبت خبروں سے پاکستان کو فائدہ ہوگا بیرونی سرمایہ کاری آئے گی۔

بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ پاکستان میں کئی اچھی چیزیں ہیں اسے دکھانا ہے، پاکستانی ذہین قوم ہیں لیکن ان کو مواقع دینے کی ضرورت ہے، ایشیا میں سب سے زیادہ کراچی کے ویزہ سینٹر سے ویزہ جاری کیے جا رہے ہیں، پورٹ قاسم پر فری زون بنایا جارہا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے کراچی میں قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے بہت نقصان ہوا ہے، لگتا ہے اب پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پلان مرتب کر رہا ہے، یو اے ای پاکستان کی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد کرے گا۔