قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے اعتراف کیا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شاہین آفریدی کی کپتانی نے مجھ سمیت بہت سے لوگوں کو غلط ثابت کیا۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں فخرزمان نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں فائٹنگ اسپرٹ ہے، وہ پی ایس ایل میں کپتان بنے تو ٹیم کو ٹائٹل جتوا کر مجھ سمیت بہت سے لوگوں کو غلط ثابت کردیا، ہر میچ کے ساتھ ان کی قیادت میں بہتری نظر آئی، وہ تمام پلیئرز کو ساتھ لے کر چلتے ہیں،۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے کپتان بننے کے بعد شاہین بالنگ اور بیٹنگ دونوں میں بہتر دیکھائی دیئے جبکہ انکا بےخوف رویہ ایسی خصوصیت ہے جو کسی لیڈر میں ہونی چاہیں۔
اوپنر نے کہا کہ میری دعا ہے کہ نو منتخب ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہین شاہ آفریدی کو فٹنس کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے، جیسا کہ ہم نے 2023 کے ورلڈکپ میں نسیم شاہ اور دیگر کے معاملات میں دیکھا، مجھے امید ہے کہ وہ اپنی کپتانی میں بڑی کامیابی حاصل کریں گے۔
دورہ نیوزی لینڈ کی تیاری کے سوال پر فخرزمان نے کہا کہ ہم نے اتنی زیادہ کرکٹ کھیلی لی فارم اچھی ہو تو اب کنڈیشنز سے زیادہ فرق نہیں پڑتا،گیند بیٹ پر آرہی ہے، ٹیم کمبی نیشن بھی اچھا ہے،ہم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد بابراعظم نے تینوں فارمیٹ سے قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض سے سبکدوش ہوگئے تھے۔


















