اسلام آباد: بلوچستان کے دو بڑے الیکٹیبلز نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت سے معذرت کرلی ہے۔
پی پی ذرائع کے مطابق سردار صالح بھوتانی اور جان محمد جمالی کی جانب سے پیپلزپارٹی میں شمولیت سے معذرت کر لی گئی ہے۔
ذرائعکا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سردار یار محمد رند کی مشروط شمولیت مسترد کر دی جبکہ یار محمد رند نے مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
پی پی ذرائع نے مزید بتایا کہ سرداریار محمد رند نے بیٹے کیلئے سندھ اسمبلی کی کنفرم سیٹ کا مطالبہ کیا تھا، تاہم پیپلزپارٹی نے سردار یار محمد رند کی شرائط قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
یاد رہے کہ 7 دسمبر کو بلوچستان کے تین بڑے الیکٹیبلز نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا، ان الیکٹیبلز کا آئندہ دو روز میں شمولیت کا اعلان متوقع تھا۔
پی پی ذرائع نے بتایا تھا کہ الیکٹیبلز کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سے ہے، سابق وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو بھی ان میں شامل ہیں جو پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرنے والے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سردار یار محمد رند، جان محمد جمالی، سردار صالح بھوتانی اور خالد لانگو کو بھی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی، تاہم بلوچستان کے ان الیکٹیبلز نے پی پی کی دعوت پر غور کے لیے وقت مانگا تھا، ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کے مزید الیکٹیبلز سے بھی رابطے کرے گی۔


















