اسلام آباد: پی ٹی آئی لیول پلیئنگ فیلڈ کیس میں الیکشن کمیشن نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ فراہم کرنے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ تحریک انصاف کی درخواست کو جرمانے کے ساتھ مسترد کیا جائے۔
لیول پلیئنگ فیلڈ، سپریم کورٹ توہین عدالت کیس
الیکشن کمیشن نے جواب جمع کرا دیا
براہ راست دیکھیں:https://t.co/d9lAsOIKwT#BOLNews #ElectionCommission pic.twitter.com/sZnDQQE9lw— BOL Network (@BOLNETWORK) January 7, 2024
سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کی گئی جس تحریک انصاف کو بلا تفریق لیول پلئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
تحریری جواب میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے چاروں صوبوں کے آئی جیز کو ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ 26 دسمبر تک تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں 33 شکایات درج کروائی گئیں۔
الیکشن کمیشن نے اپنے جواب میں کہا کہ تحریک انصاف کی شکایات پر اقدامات ہدایات کی تفصیلات بھی سپریم کورٹ کو فراہم کردی گئیں جبکہ تحریک انصاف کی شکایات پر آئی جی، چیف سیکریٹری اور آر اوز نے عملدرآمد رپورٹس بھی جمع کروائیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ لیول پلیئنگ فراہم نہ کرنے کے الزامات کو آر اوز کی رپورٹ کے تناظر میں مسترد کرتے ہیں۔
جواب میں بتایا گیا کہ ڈیٹا کے مطابق تحریک انصاف کے قومی اسمبلی 843 میں 598 کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے، جن میں سے 245 کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں مزید کہا گیا کہ صوبائی اسمبلیوں کیلئے تحریک انصاف کے 1777 میں 1398 کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے جن میں سے 379 کاغذات مسترد کیے گئے، تاہم تحریک انصاف کے امیدواران کے 76.18 فیصد کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے۔




















