Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گیمبیا کی فٹبال ٹیم دوران پرواز مرتے مرتے بچ گئی

افریقی کپ آف نیشز میں شرکت کے لیے جانے والی گیمبیا کی قومی فٹبال ٹیم مرتے مرتے بچ گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی کپ آف نیشز میں شرکت کے لیے جانے والی گیمبیا کی قومی فٹبال ٹیم کو ایک ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جس میں ان کی جان بھی جاسکتی تھی۔

رپورٹ کے مطابق گیمبیا کی فٹبال ٹیم کو ایک ایسے طیارے میں سوار کیا گیا تھا جس میں لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش انتہائی کم تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طیارے میں آکسیجن کی کمی کے باعث کچھ کھلاڑی بے ہوش بھی ہوگئے تاہم طیارے کو فوری طور پر واپس گیمبیا کی طرف موڑنا پڑا۔

ایئر آئیوری کا ایک نیا طیارہ پہلے ہی گیمبیا کے ایئرپورٹ پہنچ گیا ہے جو دوبارہ کھلاڑیوں اور وفد کو آئیوری کوسٹ لے کر روانہ ہوگا۔

یاد رہے کہ افریقی کپ آف نیشز میں گیمبیا کی ٹیم کو گروپ سی میں رکھا گیا ہے، ان کا پہلا میچ 15 جنوری کو سینیگال سے ہوگا جب کہ ان کے گروپ میں گنی، سینیگال اور کیمرون کی ٹیمیں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 2021 میں ہونے والے افریقی کپ آف نیشز میں گیمبیا کی ٹیم نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جس میں انہیں کیمرون کے ہاتھوں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

متعلقہ خبریں