Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی ایم ایف نے پاکستان کو بڑی خوشخبری سُنادی

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو بڑی خوشخبری سُنادی ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے بارے میں جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق جولائی 2023 سے پاکستانی معیشت درست سمت پر ہے، پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، پاکستان میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر 4.5 سے بڑھ کر 8.2 ارب ڈالر ہو گئے ہیں، رواں مالی سال پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح نمو 2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں زرعی شعبہ قدرے بہتر ہے، زرعی شعبہ 5.1 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں صنعتی شعبہ مشکلات کا شکار ہے اس کی شرح نمو محض 2.5 فیصد ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 8 فیصد رہنے کی توقع ہے جبکہ رواں مالی سال محصولات اور گرانٹس جی ڈی پی کے 12.5 فیصد رہ سکتی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے ڈالر کی اسمگلنگ کی روک تھام بہتر کرتے ہوئے اسے کنٹرول کیا، رواں مالی سال بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 7.6 فیصد رہنے کا امکان ہے اور رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک رہ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ مئی 2023 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 36 فیصد تھی جبکہ اکتوبر 2023 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 26.8 رہی۔