الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ پولنگ کل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، تیاریاں مکمل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ عام انتخابات 2024 کیلئے ووٹنگ کل ہو گی، پولنگ کل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے ہو گی، ملک بھر کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں انتخابات ہونگے، قومی اسمبلی کے 1، کے پی کے 2 اور پنجاب اسمبلی کے 1 حلقے میں پولنگ نہیں ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 8، پی پی 266، پی کے 22، اور 91 میں امیدوار کی وفات کی وجہ سے ووٹنگ نہیں ہو گی، قومی اسمبلی کی 265 صوبائی اسمبلیوں کی 590 نشستوں پر پولنگ ہو گی، بلوچستان اسمبلی کی 51، کے پی اسمبلی کی 130 میں سے 128 جبکہ پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 296 اور سندھ اسمبلی کی 130 سیٹوں پر پولنگ ہو رہی ہے۔
کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرینگے، 6 کروڑ 63 ہزار 704 مرد، 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 خواتین ووٹ کاسٹ کریںگے، الیکشن کمیشن نے 26 کروڑ خصوصی سیکیورٹی فیچرز والے واٹر مارکڈ بیلٹ پیپرز چھاپے ہیں، قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 855 جنرل نشستوں پر 17 ہزار سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی کی 5 ہزار صوبائی کی نشستوں پر 12 ہزار امیدوار میدان میں ہیں، ملک بھر میں 11 ہزار سے زائد آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، قومی اسمبلی کی نشستوں پر 3 ہزار 748 آزاد امیدوارں حصہ لے رہے ہیں، قومی اسمبلی کی نشستوں پر سیاسی جماعتوں کے 1873 امیدوارں حصہ لے رہے ہیں، صوبائی کی نشستوں پر 8 ہزار 537 آزاد اور 4 ہزار 158 سایسی جماعتوں کے امیدوار ہیں، قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 882 خواتین امیدوار میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستوں پر 312 اور صوبائی کی نشستوں پر 570 خواتین امیدوار ہیں، ملک بھر میں 4 نشستوں پر خواجہ سرا بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، قومی اور صوبائی اسمبلیوں پر 6 ہزار 31 سیاسی جماعتوں کے امیدوار ہیں، سیاسی جماعتوں کی نسبت تقریباً دو گنا آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں، پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر 6 ہزار 710 امیدوار میدان میں ہیں، سندھ اسمبلی کی نشستوں پر 2 ہزار 878 امیدوار میدان میں ہیں۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشینز قائم کیے گئے، ملک بھر میں 2 لاکھ 76 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کیےگئے ہیں، 50 فیصد پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیے، ملک بھر میں 46 ہزار 65 پولنگ اسٹیشنز حساس و انتہائی حساس ہیں، 18 ہزار 437 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔
ادارے نے کہا کہ پنجاب میں 12 ہزار 580 پولنگ اسٹیشنز حساس، 6 ہزار 40 انتہائی حساس جبکہ 32 ہزار 324 پولنگ اسٹیشز نارمل ہیں، سندھ کے 6545 پولنگ اسٹیشنز حساس، 6524 انتہائی حساس جبکہ 5937 پولنگ اسٹیشنز نارمل ہیں، خیبرپختونخوا کے 6166 پولنگ اسٹیشنز حساس، 4143 انتہائی حساس جبکہ 5388 پولنگ اسٹیشنز نارمل ہیں، بلوچستان میں کُل 5 ہزار 28 پولنگ اسٹیشنز میں سے صرف 961 نارمل ہیں، 2337 پولنگ اسٹیشنز حساس جبکہ 1730 انتہائی حساس ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 9 لاکھ 76 ہزار پولنگ عملہ تعینات کر دیا گیا ہے، عام انتخابات میں ساڑھے 6 لاکھ سے زائد پولیس رینجرز پاک فوج کے اہلکار ڈیوٹی دیں گے، پاک فوج کے جوان کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعینات ہونگے۔


















