Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر مملکت نے قومی اسمبلی اجلاس طلب کرنے کی سمری مسترد کرکے واپس بھیج دی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری مسترد کرکے واپس بھیج دی۔

ذرائع ایوان صدر کے مطابق  صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری پر اعتراض لگاتے ہوئے کہا کہ پہلے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کو مکمل کیا جائے اور اس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں۔

صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری وزیراعظم  ہاؤس  اور وزارت پارلیمانی امور کو واپس بھجوا دی۔

خیال رہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 26 فروری یعنی پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے سمری صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کی تھی تاہم صدرمملکت نے مؤقف اختیار کیا کہ کوئی بھی سمری 15 دن تک روکنے کا آئینی اختیار رکھتا ہوں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ فیصلہ آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت کیا گیا ہے۔ اجلاس طلب کرنے کی سمری وزیراعظم کی منظوری سے اسپیکر کو بھجوائی جائے گی۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ صدر مملکت نے سمری پر اجلاس نہ بلایا تو 29 فروری کو اسپیکر آئینی طور پر خود اجلاس بلا سکتا ہے۔

اس حوالے سے صدر پاکستان کو بریفنگ دی گئی کہ آئین کے تحت قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو لازمی بلانا پڑے گا، آئین پابند کرتا ہے کہ انتخابات کے 21 دن کے اندر اجلاس لازمی بلایا جائے۔

اگر 29 فروری کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا تو اسی دن حلف کے بعد نئے اسپیکر کا شیڈول جاری کیا جائے گا پھر یکم مارچ کو اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات جمع کروائے جائیں گے اور دو مارچ کو اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب ہوگا جس کے بعد اسی دن ڈپٹی اسپیکر کا بھی چناؤ کر لیا جائے گا۔

اسی طرح، تین مارچ کو وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل ہوگا، 4 مارچ کو قومی اسمبلی میں وزیراعظم کا الیکشن کرایا جائے گا اور 9 مارچ کو صدر کا انتخاب الیکشن کمیشن آف پاکستان کرائے گا۔

متعلقہ خبریں