اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی کے محاذ پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے، سنی اتحاد کونسل نے پنجاب اسمبلی کااجلاس ہنگامی طورپر طلب کرنے کے لئے ریکوزیشن سیکرٹری اسمبلی عامر حبیب کو جمع کرادی۔
سیکریٹری اسمبلی عامر حبیب کو ریکوزیشن رانا آفتاب احمد خان، چیف وہپ رانا شہباز، کوآرڈینیٹر سینٹرل پنجاب اویس ورک، احمد خان بھچر، معین قریشی اور حسن ذکاء نیازی کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
101 اپوزیشن ارکان کے دستخطوں سے ریکوزیشن اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی، ریکوزیشن میں امن و امان اور مہنگائی کی صورتحال کو زیر بحث لانے کے لیے اسمبلی اجلاس طلب کرنے کا کہا گیا۔
اپوزیشن ذرائع کے مطابق مینڈیٹ چوری کے خلاف احتجاج کے دوران کارکنوں کی گرفتاریوں کا معاملہ اور احمد شاہ کو مبینہ طورپرپولیس کی جانب سے تشدد کانشانہ بنانے کا معاملہ ایوان میں اٹھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اپوزیشن کی ریکوزیشن پر 14 روز کے اندر اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے آئینی طورپر پابند ہیں۔


















