وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مالی طور پر کمزور ٹی ایم ایز ملازمین کیلئے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے ٹی ایم اے ملازمین کیلئے رمضان میں بڑے ریلیف کا اعلان کردیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مالی طور پر کمزور ٹی ایم ایز ملازمین کی تنخواہ، پنشن ادائیگیوں کیلئے فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ڈیڑھ ارب روپے ترجیحی بنیادوں پر جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ملازمین کو 2 مہینوں کی تنخواہیں، پنشنز ادا کی جائیں تاکہ ان ملازمین کو رمضان کے دوران اور عید پر کوئی مالی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ٹی ایم ایز ملازمین کو کئی مہینوں سے تنخواہوں، پنشنز ادائیگیوں کا مسئلہ درپیش ہے، رمضان اورعید کیلئے ان ملازمین کو تنخواہوں، پنشنز کی ادائیگی کا بندوبست کیا جائے۔



















