ممبراسمبلی کی نااہلی کی مدت پانچ سال کرنے کیخلاف درخواست پرعدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد بلال حسن نے شہری شبیر اسماعیل اور مشکور حسین کی درخواستوں پر سماعت کی۔ حکومت پاکستان کے ایڈیشنل اٹارنی نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے بارے اعتراض اٹھایا۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ اس حوالے سے فیصلہ جاری کرچکی ہے جبکہ اظہرصدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کی گئی ترمیم درست نہیں ہے، حکومت کو ترمیم کرنے کے لیے آئین میں تبدیلی کرنا ہو گئی۔
درخواست میں الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے نا اہلی کی معیاد پانچ سال کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔
درخواست گزار نے کہا کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی مدت 5 سال مقرر کی گٸی، سپیریم کورٹ پہلے ہی 62 ون ایف کی تشریح کر چکی ہے، ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے، استدعا ہے کہ نااہلی کی مدت پانچ سال کرنے کی ترمیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔




















