Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیر خزانہ کا انتہائی اہم بیان سامنے آگیا

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا انتہائی اہم بیان سامنے آگیا ہے۔

  وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کو مستحکم کرنے کیلیے ہمیں لانگ ٹرم منصوبے پر کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تخمینے کے مطابق ریونیو میں 3 ٹریلین روپے کا لیکج ہے، کون سے ایریاز ہیں جن میں کٹوتی لانی ہے اس پر غور کیا جائے گا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ جو وزارتیں تحلیل ہو چکی ہیں ان کو ختم کرنا ہوگا، جو وزارتیں صوبوں کو منتقل ہو چکی ہیں وفاق میں ان کا کردار نہیں ہونا چاہیے، وزارتوں سے متعلق چند ہفتوں میں وزیر اعظم اعلانات کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کو نجکاری کی طرف لے کر جانا ہوگا، پرائیویٹ پارٹنرشپ سے متعلق سندھ نے بہترین ماڈل اپنایا ہے، این ایف سی فارمولے کو بیلنس آؤٹ کرنا ہوگا، وفاق اور صوبوں میں وسائل کی تقسیم پر بیلنس ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس دینے والوں پر مزید ٹیکس لگائیں تو اس سے فائدہ کچھ نہیں ہوگا، ہو سکتا ہے ٹیکس مزید بڑھانے سے ایک سال اور لگ جائے  گا لیکن نقصان ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایسی ڈائریکشن اپنانی ہے جس میں بہتری کی ضرورت ہے، بجٹ میں مختلف شعبوں میں ٹیکس سے متعلق معاملات پیش کریں گے، جو شعبے اور ادارے ٹیکس نہیں دیتے ان کیلئے بھی کام کرنا ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ نجکاری پر پوری کمٹمنٹ ہے اور معاملے کو علیم خان آگے لے کر جا رہے ہیں، پی آئی اے سے متعلق بولیاں جلد آنا شروع ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نجکاری جون تک مکمل کرنا چاہتے ہیں، اگر یہ بروقت نہیں کی گئی تو مسلسل نقصانات ہوتے رہیں گے، اداروں کے خسارے کم کر لیں تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔