پاکستان تحریک انصاف کو ایک اور بڑا دھچکا لگ گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے این اے 154 لودھراں سے ن لیگی امیدوار عبد الرحمان خان کانجو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے حکم پر این اے 154 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی، این اے 154 ری کاؤنٹنگ کے نتیجے میں عبد الرحمان کانجو کامیاب ہوگئے۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے 16 فروری کا آزاد امیدوار رانا فراز نون کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
دوبارہ گنتی میں عبدالرحمان کانجو کے ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 984 ہو گئی، آزاد امیدوار رانا فراز نون ایک لاکھ 20 ہزار 683 ووٹ لے سکے۔
آٹھ فروری کو اس حلقے میں رانا فراز نون نے اس سے قبل ایک لاکھ 34 ہزار 937 ووٹ حاصل کیے تھے اور ن لیگ کے عبدالرحمان کانجو نے ایک لاکھ 28 ہزار 438 ووٹ لیے تھے۔


















