کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مسلسل بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بارشوں کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے صوبے کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں جبکہ کھڑی فصلوں اور باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
آسمانی بجلی گرنے اور گھر منہدم ہونے سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہو گئے ہیں۔
بعض شاہراہیں بند ہونے سے کئی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ مسلسل بارش نے صوبائی دارالحکومت میں سیوریج کا نظام درہم برہم کردیا۔
کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں نالیاں اور گٹر ابل پڑے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
صوبے کے دیگر علاقوں میں بارشوں کے باعث کھڑی فصلوں اور باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
کوئٹہ کو زیارت سے ملانے والی شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کے لئے بند ہوگئی، جبکہ کوئٹہ کو سندھ سے ملانے والی شاہراہ پر 2022 کے سیلاب میں بہہ جانے والے پنجرہ پل کے مقام پر قائم کی گئی عارضی گزر گاہ پانی میں بہہ جانے سے ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔
آسمانی بجلی گرنے سے درجنوں مویشی بھی ہلاک ہوئے،حالیہ بارشوں سے صوبے کے ساحلی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، کیچ اور گوادر صورتحال زیادہ خراب ہوئی ہے۔
بارشوں کے باعث بعض کچے مکانات کی چھتیں گرنے سے مکین کھلے گیلی زمین پر کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، صوبے کے دور دراز کے علاقوں میں بسنے والے افراد حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔


















