وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہید کسٹمز انسپکٹر حسنین ترمذی کے اہلخانہ کیلئے ڈیڑھ کروڑ کی مالی امداد کا اعلان کردیا ہے۔
وزیراعظم نے ایبٹ آباد میں کسٹمز حکام پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے کسٹمز انسپکٹر حسنین ترمذی کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی خان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید پیکج میں شہداء کے اہلخانہ کے لیے مفت گھر دیں گے، شہید کےبچوں کیلئے تعلیم اور علاج مفت ہوگا، شہید کےاہلخانہ کیلئے ڈھائی کروڑ روپے رہائش الاؤنس دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھرپور کارروائی کی ہدایت کی، چیئرمین ایف بی آر، متعلقہ ایجنسیز کے افسران موجود ہیں، محسن نقوی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے یکسوہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اسمگلنگ کا قلع قمع ضروری ہے، اسمگلنگ کا خاتمہ کیے بغیر معیشت مستحکم نہیں ہو سکتی، اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کی روک تھام میں آرمی چیف کی معاونت پر شکر گزار ہوں، شہید انسپکٹر حسنین ترمذی پر فخر ہے، ڈی آئی خان واقعات میں 8 شہادتیں ہوئیں، عظیم سپوت جان ہتھیلی پر رکھ کر دشمنوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اسمگلنگ کے خلاف کسی بھی کارروائی سے گریز نہیں کریں گے، اسمگلنگ کا خاتمہ کر کے اربوں ڈالر بچائیں گے۔


















