اسلام آباد: ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں ایک فیصد کی کمی ہوگئی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد وشمار جاری کردیے ہیں جب کہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 24.37 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایک ہفتے میں 18 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ 18 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 20 روپے تک کمی ہوئی، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 37 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور پیاز کی فی کلو قیمت میں 13 روپے تک کی کمی آئی۔
آٹے کا 20 کلو والا تھیلا 153 روپے تک سستا ہوا، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 75 روپے تک سستا ہوا جب کہ برانڈڈ لال مرچ 200 گرام 10 روپے، دال مسور 4 روپے تک فی کلو اور دال مونگ 3 روپے تک سستی ہوئی۔
ایک ہفتے میں پٹرول، ڈیزل، چاول، دال ماش، چینی، دال چنا سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں جب کہ آلو چار روپے فی کلو تک مہنگا اور لہسن 5 روپے تک مہنگا ہوا۔
دوسری جانب ایک ہفتے میں بکرے کا گوشت 12 روپے فی کلو مہنگا ہوا، انڈے فی درجن 1 روپے 20 پیسے تک مہنگے ہوئے اور برانڈڈ ڈھائی کلو گھی کا ٹن چھ روپے تک مہنگا ہوا،
علاوہ ازیں ایک ہفتے میں دہی، تازہ و خشک دودھ، جلانے کی لکڑی اور نمک مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔


















