گاڑی خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے بری خبر آگئی ہے۔
لکی موٹرز نے دو روز قبل ’ کیا اسٹونک ‘ کی قیمت میں 15 لاکھ 13 ہزار کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد خریداروں کا شورومز پر رش بڑھ گیا اور کمپنی کو بکنگ بند کرنا پڑ گئی۔
تاہم اب اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اسٹونک کی مزید بکنگ فی الحال بند کر دی گئی ہے کیونکہ بڑی تعداد میں بکنگ کے باعث کمپنی مذکورہ گاڑی کی ستمبر 2024 تک ڈیلیوری کی پابند ہوچکی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق 29 اپریل کو کیا اسٹونک کی قیمت میں 15 لاکھ سے زائد کمی کے حوصلہ افزا اعلان کے بعد صارفین کی جانب سے مذکورہ گاڑی کی بکنگ کا زبردست رجحان سامنے آیا جو انتہائی خوشگوار تھا۔

نتیجتاً رواں برس ستمبر تک اسٹونک کی ڈیلیوری کے لیے کمپنی بکنگ مکمل کرچکی ہے اور بکنگ کی ترتیب کے حساب سے رواں ماہ یعنی مئی سے گاڑیوں کی فراہمی کا آغاز کیا جاچکا ہے۔
ستمبر میں ڈیلیوری کے لیے کی گئیں تمام بکنگ 23 لاکھ 50 ہزار روپے کی جزوی ادائیگی کے بعد قبول کی جائیں گی، مارکیٹ کے ردعمل اور اپنے اسٹاک کی پوزیشن دیکھتے ہوئے اکتوبر کے لیے مزید آرڈر کا جلد آغاز کیا جائے گا، جس کے بارے میں علیحدہ سے مطلع کردیا جائے گا۔
کمپنی کے اعلامیہ کے مطابق کمپنی نے اپنے معزز صارفین کے فائدے کی خاطر ستمبر میں ڈیلیوری کے لیے کی گئی تمام بکنگ، جن کی جزوی یا مکمل ادائیگی کی جاچکی ہے، پرائس لاک نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
تاہم اس ضمن میں وفاقی یا صوبائی حکومتوں کی جانب سے کسی بھی اضافی ٹیکس کے نفاذ کی صورت میں صارفین کو یہ بوجھ اٹھانا ہوگا۔



















