پاکستان اور ایران نے 2 مشترکہ سرحدی گزرگاہوں کو 24 گھنٹے کیلئے کھول دیا گیا۔
ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تہران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو کی کاوشیں رنگ لے آئیں۔
پاکستان کے سفیر “محمد مدثر ٹیپو” نے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ پاکستان نے (میرجاوہ – تفتان) اور (ریمدان – گبد ) سرحدیں 24 گھنٹے کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مدثر ٹیپو کا کہنا تھا کہ دونوں بارڈر کراسنگز پورے ہفتے دن و رات کھلی رہیں گے، امید ہے کہ اسلام آباد اور تہران کے درمیان اشیاء کے تبادلے میں اضافے اور اقتصادی مواقع میں توسیع کا مشاہدہ کریں گے۔
خیال رہے کہ میرجاوہ سرحدی گذرگاہ ، ایران اور پاکستان کے درمیان سب سے اہم سرحدی گزرگاہ ہے، بارڈر کراسنگ میرجاوہ شہر سے 12 کلومیٹر اور پاکستان کے تفتان شہر سے متصل اور زاہدان سے نواسی کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے، میر جاوہ گذرگاہ ، ریلوے لائن کے ذریعے ایران کو پاکستان اور برصغیر سے ملاتی ہے۔
ریمدان بارڈر کراسنگ یا ریمدان – گبد بارڈر ، ایران اور پاکستان کے درمیان ایک سرحدی گزرگاہ ہے، ریمدان سرحدی ٹرمینل ، صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر دشتیاری میں واقع ہے اور چابہار بندرگاہ سے ایک سو بیس کلومیٹر دور ہے۔
پاکستان کی سمت سے ریمدان کراسنگ کا فاصلہ گوادر بندرگاہ تک، تقریباً 70 کلومیٹر ہے، 23 اپریل کو ایران کے شہید صدر ابراہیم رئیسی کے دورۂ پاکستان میں، دونوں ممالک نے مشترکہ سرحدوں کی امن و سلامتی کی اہمیت اور توانائی کے منصوبوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔



















