پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے شہداء کو سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن حسین جہانگیر شہید اور حوالدار شفیق اللہ شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کردی گئی جبکہ شہداء کی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی۔
شہداء کی نماز جنازہ میں سینئر حاضر سروس فوجی افسران، شہداء کے لواحقین اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہماری قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشتگردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا تھا جبکہ اس دوران کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ بھی شہید ہوگئے تھے۔














