Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

100 یونٹ تک گھریلوصارفین کوسولرسسٹم مفت فراہم کررہے ہیں، مجتبٰی شجاع الرحمان

صوبائی وزیرخزانہ پنجاب نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں 100 یونٹ تک گھریلوصارفین کوسولرسسٹم مفت فراہم کررہے ہیں، سولرسسٹم کے لگانے کے تمام اخراجات پنجاب حکومت دے گی۔

اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی زیرصدارت بجٹ اجلاس کے دوران وزیرخزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان بجٹ پیش کرتے ہوئے تقریرمیں کہا کہ 10ارب کی لاگت سے اپنی چھت اپنا گھرکے تحت غریبوں کوگھردے رہے ہیں، 5 لاکھ کسانوں کو 75 ارب کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، چیف منسٹرگرین ٹریکٹرپروگرام شروع کیا جارہا ہے۔

مجتبٰی شجاع الرحمان نے کہا کہ موبائل فیلڈ اسپتالوں کاآغازکردیا گیا ہے، تاریخ کا سب سے بڑا کسان دوست بجٹ پیش کررہے ہیں، 9 ارب 50 کروڑ کی لاگت سے چیف منسٹر روشن گھرانہ پروگرام کا اجرا کیا ہے، حکومتی حجم اوراخراجات میں خاطرخواہ کمی لا رہے ہیں۔

وزیرخزانہ پنجاب نے کہا کہ مریم نوازنے100دن کی حکومت میں انقلابی اقدامات کیے، موجودہ حکومت کا پہلا ٹیکس فری بجٹ پیش کیا جارہا ہے، یہ حکومت کا نہیں عوام کا ٹیکس فری بجٹ ہے، اس بجٹ کے ذریعے عوام کو ریلیف دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 60 ہزار ٹیوب ویل کو سولرپرمنتقل کیا جائے گا، گرین ٹریکٹر پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے، کسان بلا سود آسان اقسام میں اپنے ٹریکٹرز کے مالک بن سکیں گے، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ کرنے والوں، ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیے۔

صوبائی وزیرخزانہ پنجاب نے کہا کہ یہ ٹیکس فری بجٹ روشن مستقبل کی بنیاد ہے، 296 ارب کی لاگت سے 2380 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی جائے گی، 2 ارب50 کروڑ کی لاگت سے انڈرگریجویٹ اسکالر شپ پروگرام شروع کر رہے ہیں، 2 ارب 97 کروڑ کی لاگت سے چیف منسٹرز اسکلڈ پروگرام شروع کر رہے ہیں۔

مجتبٰی شجاع الرحمان نے بجٹ تقریرمیں کہا کہ ٹیکسٹائل صنعت کے فروغ کے لیے 3 ارب کی لاگت سے گارمنٹ سٹی کا قیام، نوجوان آئی ٹی کی دنیا میں اپنا مقام بنائیں، ان کے ہاتھ پیٹرول بم نہیں لیپ ٹاپ اچھا لگتا ہے۔ شہبازاسپیڈ اب ڈیجیٹل پنجاب اسپیڈ بن چکی ہے، اپوزیشن کوکہنا چاہتا ہوں 5 سال شور ہی کرتے رہوگے، پنجاب کو5 سال میں بہترین صوبہ بنا کردکھائیں گے، آج پنجاب میں کوئی کرپٹ بزدارنہیں ہے، آج پنجاب کی بیٹی پنجاب کی خدمت کررہی ہے۔

اپوزیشن ارکان نے بجٹ اجلاس میں شورشرابا اور نعرے لگائے، بجٹ کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ اپوزیشن ارکان اسپیکر ڈائس کے اطراف جمع ہوئے اور ڈائس کے سامنے بجٹ کی کاپیاں اچھالیں۔ پیپلز پارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی ایوان سے غیر حاضر رہے۔

صحافیوں نے ہتک عزت قانون کے خلاف پریس گیلری سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پنجاب کابینہ نے 5446 ارب روپے کے بجٹ کی منظوریدی، بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں، نہ ہی موجودہ ٹیکسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

پنجاب کابینہ نے 842 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی، سالانہ ڈیولپمنٹ پلان میں77 نئے میگا پراجیکٹ شامل ہوں گے۔

متعلقہ خبریں