خود ساختہ گلوکار چاہت فتح علی خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بننے کی خواہش ظاہر کردی۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں چاہت فتح علی خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چیئرمین کے لیے تجربہ کار کرکٹر کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ مجھے بورڈ کا چیئرمین بنا دیا جائے تو میں ہفتے میں چار دن خود گراؤنڈ میں جاکر کھلاڑیوں کی پرفارمنس اور کوچنگ کا جائزہ لوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں قومی ٹیم کے لیے صرف ایک ہی کوچ منتخب کروں گا اور خود جاکر دیکھا کروں گا کہ میرا منتخب کیا گیا کوچ ہماری قومی ٹیم کی کیسی کوچنگ کررہا ہے۔
خود ساختہ گلوکار نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی صاحب ایک بار میری پیشکش کے بارے میں سکون سے سوچ لیں۔
چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی چیئرمین پی سی بی ہونے کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر داخلہ کے فرائض بھی سرانجام دے رہے ہیں، وفاقی وزیر کا عہدہ بہت بڑا ہوتا ہے اور اُن پر بہت زیادہ ذمہ داریاں ہیں، اسی لیے میں چاہتا ہوں کہ وہ چیئرمین بورڈ کی ذمہ داریاں مجھے دے دیں۔
انہوں نے کہا کہ میں محسن نقوی پر تنقید نہیں کررہا لیکن میں چاہتا ہوں کہ مجھے بورڈ کا چیئرمین بنا دیا جائے، میں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی ہے، میرے پاس کرکٹ کا تجربہ ہے اور کرکٹ میرا پہلا پیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط ہونے کی ضرورت ہے، میں قومی ٹیم کو ذہنی اور دلی طور پر مضبوط بناؤں گا۔




















