وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت میں ایف بی آر کا کلیدی کردار ہے ۔
وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر اہم اجلاس ہوا۔
وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایپیلیٹ ٹریبیونلز ان لینڈ ریونیو کے قیام کے حوالے سے کام کو آغاز ہو چکا ہے ۔ ان ٹریبیونلز میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے شفاف تحریری امتحان کا انعقاد کیا جائے گا ۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی معیشت میں ایف بی آر کا کلیدی کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل جل کر ملکی ترقی کے لیے کام کرنا ہے ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے مختلف عدالتوں اور ٹریبونلز میں زیر التواء کیسز کے حوالے سے بہترین وکلاء کی خدمات حاصل کی جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں جاری اصلاحات اور محصولات کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت خود کروں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکس سے متعلق مقدمات کو جلد نمٹانے کیلئےان لینڈ ریونیو ایپیلیٹ ٹریبیونلز کے ساتھ کسٹمز ایپیلیٹ ٹریبیونلز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے۔
وزیراعظم نے ایف بی آر کے اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کے لیے اعزاز دینے کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی۔


















