اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردوں کو دوٹوک پیغام دے دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دوٹوک پیغام میں کہا کہ ارض پاک میں دہشت گردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں جو لوگ بات چیت پر آمادہ ہیں ان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے بلوچستان میں پیش آئے خونریز واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ دشمن ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقصد سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو روکنا ہے، یہی وجہ ہے کہ بلوچستان کو خلفشار کا شکار بنایا جارہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کو فتنۃ الخوارج کی معاونت حاصل ہے، یہ گروپ افغانستان سے آپریٹ کرتے ہیں، دہشت گرد عوام کے ساتھ سیکیورٹی فورسز پر بھی حملہ آور ہیں، افواج کے کئی افسران اب تک جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ افسران کی قربانیوں کو ضائع نہیں جانے دیں گے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔


















