Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یروشلم پوسٹ کا دھماکہ خیز انکشاف؛ بانی پی ٹی آئی اسرائیل کے حمایتی قرار

اسلام آباد: اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے دھماکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کو اسرائیل کا حمایتی قرار دے دیا۔

یروشلم پوسٹ نے اسرائیل کے اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے دعوؤں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے اسرائیل کے خلاف عوامی سطح پر سخت سیاسی بیان بازی کی لیکن اندر کھاتے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اسرائیلی اخبار کے پوسٹ میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اسرائیل کے لیے ہم خیال سیاست دان ہیں، ان کی حالیہ انتخابات میں خاطر خواہ کامیابی پاکستان اسرائیل تعلقات کا از سر نو جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

یروشلم پوسٹ کے مطابق پاکستان کی اسرائیل دوست خارجہ پالیسی کے اسٹریٹجک فوائد لیکن پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے مضبوط مزاحمت کا سامنا ہے، فوجی اسٹیبلشمنٹ نے طویل عرصے سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر آنے سے روکا ہوا ہے۔

  پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ مسئلے کے حل کے لئے موجودہ سیاسی قیادت کو بدلنا ہو گا اور ایسے میں بانی پی ٹی آئی کا کردار کلیدی ہو گا، بانی پی ٹی آئی جیسی شخصیت عوامی رائے اور فوجی پالیسی دونوں کو تبدیل کرنے میں مرکزی کردار ادا کرسکتی ہیں۔

اسرائیلی اخبار کے پوسٹ میں کہا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی پاکستان اسرائیل کے تعلقات کے عمل کو تیز کر سکتی ہے، ٹرمپ انتظامیہ سفارتی اور معاشی فوائد کے ذریعے پاکستان جیسے ممالک کی حوصلہ افزائی کر سکتی ہے۔

یروشلم پوسٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے بڑھتے اثر و رسوخ اور اقتصادی بحران کے تناظر میں دیکھنا ہو گا کہ پاکستان کس حد تک اسرائیل کے خلاف اپنی روایتی دشمنی کو بدل سکتا ہے۔

  پوسٹ میں مزید لکھا گیا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے پاکستان کو اہم اقتصادی فوائد، بشمول زراعت، سائبر سیکیورٹی، دفاع اور ممکنہ مالی سرمایہ کاری حاصل ہوں گی۔ بانی پی ٹی آئی اسرائیل کے حمایتی، اسٹیبلشمنٹ و سیاسی قیادت مخالف ہیں۔

متعلقہ خبریں