Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کے دوہرے خسارے میں بہتری آرہی ہے، محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دوہرے خسارے میں بہتری آرہی ہے۔

 وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فیوچر سمٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں معیشت کی بہتری  کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود میں ڈھائی فیصد کمی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال کے چار ماہ میں اہداف کے حوالے سے چیزیں بہت بہتر ہورہی ہیں، کراچی انٹر بینک آفر ریٹ اس وقت 13 فیصد تک آگیا ہے، فوڈ انفلیشن میں نمایاں کمی ہوئی ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کچھ فیصلے لیے ہیں۔

 محمد اورنگزیب نے کہا کہ افراط زر کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر انتہائی کم سطح پر آگئی ہے، کریڈٹ اور ریٹنگز ایجنسی ہماری ملکی معیشت کی بہتری کے حوالے سے بات کررہی ہیں، ٹیکسیشن سائیڈ پر اصلاحاتی عمل بھی کیا جارہا ہے، ہمیں ٹریک پر چلنا ہے، گزشتہ عرصوں میں اصلاحاتی عمل نہیں ہوا ہے۔

  وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم غیر ملکی مہمانوں کے لیے ویزہ سہولت آن لائن کررہے ہیں، پاکستان میں میکرواکنامک استحکام دیکھا جارہا ہے، پاکستان کے دوہرے خسارے میں بہتری آرہی ہے، ملک کا مالیاتی خسارہ اور کرنٹ اکاؤنٹ بہتر حالت میں ہے۔ گزشتہ سال جو بہتری آئی تھی رواں مالی سال میں بھی اس کو برقرار رکھا ہے۔