Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

برطانیہ پاکستان کا مضبوط اور بہترین دوست ملک ہے، محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا مضبوط اور بہترین دوست ملک ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں برطانوی نائب وزیر خارجہ برائے پاکستان و افغانستان ہمیش فالکنر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک برطانیہ تعلقات  پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی، جبکہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے برطانیہ کے نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر کے لیے نیک خواہشات کااظہارکیا۔

اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان وسیع تر دوطرفہ و علاقائی امور پر مضبوط ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ باہمی تعاون کو پائیدار اقتصادی پارٹنر شپ میں تبدیل کیا جائے، آپ کے دورہ پاکستان  سے دوطرفہ تعلقات میں مزید گرم جوشی آئے گی۔

 محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور گمراہ کن افواہیں پھیلانے اور پراپیگنڈا کرنے کے خلاف مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو تمام تر حقوق حاصل ہیں، اقلیتی برادریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

 پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں