وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو چین کی جانب سے سرکاری دورے کی دعوت دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف چین کی حکمران جماعت کی دعوت پر چین کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہوں گی، جبکہ چین کی حکمران کمونسٹ پارٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سینٹرل کمیٹی کی طرف سے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب اگلے ماہ چین کا 8 دن کا دورہ کریں گی، اس دوران وہ بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ڈونگ کے دورے کریں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو چین کی طرف سے 8 سے 15 دسمبر تک دورے کی دعوت دی گئی ہے، سی پی سی کی خصوصی دعوت پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد بھی چین جائے گا۔
دعوت نامے میں چین کی حکمران جماعت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باہمی تعاون بڑھانے اور گہرے باہمی مراسم اور دوستی کے فروغ کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ دعوت نامے میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مزید وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے دورے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل، انڈسٹری، اسموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر باہمی اشتراک کار کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پنجاب اور چین کے نجی سیکٹرز کے درمیان کاروبار ی اور تجارتی روابط پر بھی غور کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف کو دورے کے دوران چین کی ترقی کے ماڈل، گورننس کے نظام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔مریم نواز دورے کے دوران چین کے نمایاں قائدین اور اہم حکومتی زعما سے بھی ملاقات کریں گی۔
مریم نواز کے دورے میں پنجاب میں ترقی کے اعلیٰ معیار، دوطرفہ تعاون کے نئے دور کے آغاز پر تبادلہ خیال کا بھی امکان ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کریں گی۔


















