Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک فوج نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کردیا

راولپنڈی: بھارتی آرمی چیف کے بیان پر آئی ایس پی آر کا ردعمل سامنے آگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دینا بھارتی آرمی چیف کا بے بنیاد اور بھونڈا الزام ہے جب کہ بھارتی آرمی چیف کابیان مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے، بھارتی آرمی چیف کے بیانات سیاسی مقاصد کے تحت دیے گئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو دبانے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوں گی، بھارت میں اقلیتوں پر ظلم اور نفرت انگیز بیانیے عالمی برادری سمیت سب پر عیاں ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی فوجی افسر پاکستان میں دہشت گردی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے تاہم بھارت کا پراپیگنڈہ کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے اقدامات انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کے منصوبے عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہوچکے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کی غیر ذمہ دارانہ گفتگو حقیقت سے بالکل برعکس ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے ڈھانچے کا بہانہ تراشنے کے بجائے بھارت کا حقیقت کو تسلیم کرنا زیادہ مناسب ہوگا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ یہ تلخ حقیقت ہے کہ ایک بھارتی حاضر سروس فوجی افسر پاکستان کی حراست میں ہے اور بھارتی آرمی چیف بھول گئے کہ ان کا فوجی افسر پاکستان میں شہریوں کے خلاف دہشت گردی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔

ترجمان افواج پاکستان نے بھارتی فوج کے مظالم کے شکار افراد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے بھارتی فوج کی قیادت کا رویہ تہذیب، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ریاستی تعلقات کے اصولوں پر مبنی ہوگا، نہ کے سیاسی ضرورتوں کے مطابق۔

متعلقہ خبریں