وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزراء اور وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم خود وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کی رپورٹ کا جائزہ لیں گے اور اس سلسلے میں ہدایت نامہ تمام وزارتوں کو جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے گزشتہ ایک سال میں ہونے والی اصلاحات پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کی ہے، جس میں ایک سال کے دوران کی گئی بھرتیوں کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وزارتوں سے پالیسی میں تبدیلی، ڈھانچہ جاتی ایڈجسٹمنٹ اور گورننس میں اضافے کے بارے میں بریفنگ بھی طلب کی ہے۔
اس کے علاوہ، وزیراعظم نے سرکاری اداروں میں اصلاحات لانے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے، اور وزارتوں کو ان اقدامات پر جواب دینا ہوگا کہ انہوں نے کس حد تک اصلاحات کی ہیں۔ یہ فیصلہ وزیراعظم کی جانب سے حکومتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔


















