Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کی حقیقت سامنے آگئی

اسلام آباد: نیپرا سماعت کے دوران پاور ڈویژن حکام اور چیئرمین نیپرا نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کی تفصیلات واضح کردیں۔

پاور ڈویژن حکام اور چیئرمین نیپرا کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے ریلیف پیکج مختلف ایڈجسٹمنٹس اور پیٹرولیم لیوی میں دی گئی رعایت پر مشتمل ہے۔

نیپرا حکام کے مطابق وزیراعظم کے اعلان کردہ بجلی ریلیف پیکج میں مختلف مدات کے تحت رعایت دی گئی ہے۔

نیپرا حکام نے بتایا کہ اس پیکج میں 1 روپے 71 پیسے فی یونٹ کمی پیٹرولیم لیوی کی مد میں شامل ہے جب کہ 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ کمی رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت دی گئی ہے۔

اسی طرح 1 روپے 36 پیسے فی یونٹ کمی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں شامل کی گئی ہے جب کہ 1 روپے فی یونٹ سے زائد کمی کا تخمینہ تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے لیے لگایا گیا ہے۔

نیپرا حکام نے وضاحت کی کہ بجلی نرخوں میں مجموعی طور پر 6 روپے فی یونٹ تک کمی ہوگی جب کہ ٹیکس شامل کرنے کے بعد یہ ریلیف 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ تک پہنچ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق بجلی کے نرخوں میں اس کمی سے گھریلو صارفین اور صنعتی شعبے کو فائدہ ہوگا تاہم اس ریلیف کا اصل اثر آئندہ مہینوں میں بجلی کے بلوں میں واضح ہوگا۔

متعلقہ خبریں