کراچی: حکومتِ سندھ نے اسکولوں میں ثقافتی تحائف دینے اور بچوں کو مہمانوں کے استقبال کے لیے کھڑا کرنے کی روایت پر مکمل پابندی عائد کردی۔
محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں تمام ڈائریکٹرز، پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ کسی بھی سرکاری یا تعلیمی تقریب میں بچوں کے ہاتھوں مہمانوں کا استقبال نہ کروایا جائے اور نہ ہی اجرک، سندھی ٹوپی یا دیگر تحائف پیش کیے جائیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری تقریبات میں مہمانوں کے استقبال کے لیے بچوں کو قطار میں کھڑا کرنا ایک غیر مناسب عمل ہے جسے اب سختی سے روکا جائے گا۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ اس روایت سے نہ صرف بچوں کا تعلیمی وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ انہیں غیر ضروری بوجھ تلے بھی لایا جاتا ہے۔
محکمہ تعلیم نے تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر فوری اور مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔
خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

















