Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خوشبو دار نہیں، ذائقے دار گلدستے! اب آپ انہیں کھا بھی سکتے ہیں

سڈنی سے تعلق رکھنے والی نوجوان بیکر اور فوڈ آرٹسٹ میسی نیمر کو بیکنگ کی دنیا میں جدت پسند اور “دنیا کے پہلے کپ کیک گلدستے” کی خالق کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

پھول ہمیشہ ایک خوبصورت تحفہ سمجھے جاتا ہے اور میٹھی چیزیں بھی ہر ایک کو پسند ہوتی ہے، میسی نے سوچا کہ کیوں نہ دونوں کو ایک ساتھ جوڑ کر ایسا تحفہ تخلیق کیا جائے جو آنکھوں کو بھائے اور ذائقے میں بھی لاجواب ہو؟

میسی نیمر کو کھانے اور آرٹ سے فطری لگاؤ تھا اور اگرچہ ان کے پاس بیکنگ کی کوئی رسمی تربیت نہیں تھی، پھر بھی انہوں نے ہچکچائے بغیر کپ کیک کا کاروبار شروع کیا۔
سڈنی کی بیکر میسی نیمر—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

کورونا وبا کے دوران انہوں نے اپنے گھر کی کچن کو لیبارٹری بنایا اور کپ کیک پر پھولوں جیسے آئسنگ ڈیزائن بنانے کے تجربات شروع کیے۔

میسی کے تیار کردہ یہ کپ کیک بُکے نہ صرف ذائقے میں منفرد ہیں بلکہ ظاہری طور پر بھی دلکش گلدستوں کی مانند لگتے ہیں، جو دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔

جب ان تخلیقی بُکوں کو پہلی بار عوامی نمائش میں پیش کیا گیا تو انہیں بے حد پسند کیا گیا، جس کے بعد میسی نے Baked Bouquet کے نام سے اپنا برانڈ قائم کیا۔

میسی نے کہا کہ میں اس آئیڈیا کو کامیاب بنانے کے لیے پُرعزم تھی، میں نے مختلف کپ کیک ریسپی، فروسٹنگ تکنیک اور سجاوٹ کے طریقوں پر گھنٹوں تحقیق اور تجربات کیے۔

آج Baked Bouquet صرف ایک بیکری نہیں بلکہ ایک آرٹ پلیٹ فارم ہے جہاں میٹھے پھولوں کے یہ گلدستے نہ صرف ذائقہ فراہم کرتے ہیں بلکہ آنکھوں کو بھی جمالیاتی خوشی بخشتے ہیں۔

میسی نیمر کی تخلیقی سوچ نے بیکنگ کو ایک نئی سمت دے دی ہے، جہاں فن، ذائقہ اور جدت ایک ساتھ جلوہ گر ہوتے ہیں۔

متعلقہ خبریں