Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فلپائن میں سیلابی پانی کے بیچ انوکھی شادی، دلہن کمر تک پانی میں چرچ پہنچ گئی

اس منفرد تقریب میں جوڑے کے قریبی افراد سمیت مجموعی طور پر 15 افراد شریک ہوئے۔

فلپائن میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کے باوجود ایک جوڑے نے شادی کی تقریب ملتوی کرنے کے بجائے پانی میں کھڑے ہوکر اپنی نئی زندگی کا آغاز کردیا۔ دلہن عروسی لباس میں کمر تک پانی سے گزرتے ہوئے چرچ پہنچی اور پادری نے شادی کی رسومات مکمل کرائیں۔

غیر معمولی شادی فلپائن کے علاقے ہاگونوی میں واقع سینٹ جان دی باپسٹ چرچ میں ہوئی جو مسلسل بارشوں کے باعث تقریباً ایک ماہ سے جزوی طور پر سیلابی پانی میں گھرا ہوا تھا۔

دلہن لیان لائیزا گالانگ نے مشکل صورتحال کے باوجود شادی کے لیے چرچ پہنچنے کا فیصلہ کیا اور عروسی لباس زیب تن کیے کمر تک کھڑے پانی میں چلتے ہوئے تقریب میں شرکت کی۔

چرچ پہنچنے کے بعد دلہے گلبرٹ چیکو اور دلہن کی شادی کی رسومات ایک پادری نے ادا کرائیں۔ اس منفرد تقریب میں جوڑے کے قریبی افراد سمیت مجموعی طور پر 15 افراد شریک ہوئے۔

شادی کی تصاویر بنانے والے فوٹوگرافر میکو رے الفانسو کے مطابق سیلابی پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر پادری نے جوڑے کو شادی کچھ عرصے کے لیے مؤخر کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

تاہم جوڑے نے شادی ملتوی کرنے سے انکار کرتے ہوئے ہر صورت تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا اور سیلابی صورتحال کے باوجود چرچ پہنچ گئے۔

شادی کی تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد یہ غیر معمولی تقریب سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جہاں لوگ جوڑے کے عزم اور مشکل حالات میں شادی مکمل کرنے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

شدید بارشوں کے نتیجے میں علاقے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے معمولات زندگی کو متاثر کیا تاہم جوڑے نے قدرتی آفت کے باوجود اپنی شادی کی تقریب کو یادگار بنادیا۔

متعلقہ خبریں