کبھی کبھی گھروں میں عام استعمال ہونے والی چیزوں کو جمع کرنا شہرت کا سبب بن جاتا ہے ایسا ہی ایک عالمی اعزاز امریکی شخص کے حصے میں آیا جس نے محض جرابوں کی جوڑیاں جمع کر کے گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروایا لیا۔
امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا کے ایک شخص نے جرابوں کی سب سے زیادہ جوڑیاں رکھنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس اب 2,000 سے زائد جرابوں کی جوڑیاں جمع ہو چکی ہیں۔
نارتھ آگسٹا کے رہائشی ڈیرل پارکر، جو ریٹائرڈ فائر فائٹر اور پیرا میڈک ہیں، نے بتایا کہ ان کا جرابیں جمع کرنے کا شوق انہیں فادرز ڈے پر ملنے والے ایک تحفے سے شروع ہوا۔ اس کے بعد انہیں سالگرہ اور شادی کی سالگرہ سمیت مختلف مواقع پر مزید جرابیں تحفے میں ملنے لگیں۔
ڈیرل پارکر نے بتایا کہ میری بیوی نے مجھ سے کہا، ‘سنو، تمہارے پاس یہاں بہت زیادہ جرابیں ہو گئی ہیں’ پھر میرے پوتے پوتیوں نے آ کر کہا، ‘کیوں نہ ہم گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کریں؟’ میں نے کہا، ‘تم جانتے ہو کیا؟ چلو ایسا ہی کرتے ہیں۔
اس وقت سب سے زیادہ جرابوں کا عالمی اعزاز ریٹائرڈ سی بی ایس فلاڈیلفیا نیوز اینکر جم ڈونووَن کے پاس ہے، 2025 میں ان کے پاس 1,531 منفرد جوڑیوں کی تصدیق کی گئی تھی۔
پارکر نے بتایا کہ ان کے پاس پہلے ہی 2,000 سے زائد جوڑی جرابیں موجود ہیں لیکن وہ سال کے اختتام تک مزید جرابیں جمع کرتے رہیں گے۔ اس کے بعد وہ اپنے جمع شدہ ذخیرے کو باضابطہ تصدیق کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈز کے پاس جمع کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے عطیہ کی جانے والی نئی جرابیں، ریکارڈ حاصل کرنے کے بعد، مقامی ضرورت مند افراد کو دے دی جائیں گی۔




















