پاکستان قطر مشترکہ آپریشن میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4.48 کلوگرام کوکین اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے قطری حکام کے اشتراک سے مشترکہ انٹیلی جنس بنیاد پر کامیاب آپریشن انجام دیا۔
اے این ایف نے پاکستانی خاتون مسافر کو ایئرپورٹ پر روکا جو شارجہ سے دوحہ کے راستے اسلام آباد سفر کر رہی تھی، خاتون کے ہاتھ میں موجود ٹرالی بیگ کی مکمل تلاشی کے دوران 4.48 کلوگرام کو کین برآمد کی گئی۔
ملزمہ کی جانب سے منشیات کو مہارت کیساتھ ٹرالی بیگ میں چھپایا گیا تھا، دورانِ تفتیش ملزمہ نے انکشاف کیا کہ اس کا ہینڈلر جو مطلوبہ وصول کنندہ سے بھی منسلک تھا ایئرپورٹ پرہی موجود ہے۔
اطلاع پر اے این ایف نے فوری فالو اپ کارروائی کرتے ملزم کو اس کی گاڑی سمیت گرفتار کر لیا، یہ مشترکہ کارروائی پاکستان اور قطر کے درمیان بہتر انٹیلی جنس شیئرنگ اور مؤثر عملی تعاون کو ظاہر کرتی ہے۔



















