دوحہ میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے قطر کے وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط میں تیزی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، لیبر/افرادی قوت اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر تمام شعبوں میں تعاون کو تیز کرنے کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ ٹاسک فورس کو اہم قرار دیا گیا جب کہ مشترکہ وزارتی کمیشن اور دوطرفہ سیاسی مشاورت کے مؤثر کردار پر بھی زور دیا گیا۔
اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی میکانزم کے تحت کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال
ملاقات میں علاقائی مسائل، بالخصوص غزہ کی صورتحال اور خلیج کے وسیع تر سیکیورٹی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے خطے میں مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے قطر کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے تنازعات کے پرامن حل، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر پاکستان اور قطر کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



















