اسلام آباد: امریکا اور ایران کے اعلیٰ سطحی وفود آج پاکستان پہنچ رہے ہیں جہاں دونوں ممالک کے درمیان اہم مذاکرات متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج اسلام آباد پہنچیں گے جن کے ہمراہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی ہوں گے یہ وفد ایرانی نمائندوں سے بات چیت کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وفد کی معاون ٹیم کے 23 ارکان پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جن میں سیکیورٹی ماہرین اور دیگر حکام شامل ہیں۔
دوسری جانب ایران کے پارلیمنٹ اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی آج رات اسلام آباد پہنچیں گے۔
اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے تصدیق کی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنی ٹیم اسلام آباد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مذاکراتی ٹیم میں جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہوں گے جب کہ مذاکرات ہفتے کی صبح اسلام آباد میں ہوں گے۔
بعدازاں ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا ہے کہ ایرانی وفد مذاکرات کے لیے اسلام آباد آئے گا۔



















